سرکاری جامعات میں مبینہ میرٹ پامالی اور تحقیقات میں تاخیر پر اے این پی کی تشویش

عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صوبائی جنرل سیکرٹری حسین شاہ یوسفزئی نے خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات میں مبینہ میرٹ خلاف ورزیوں اور ان کی تحقیقات میں غیر معمولی تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومتی کرپشن ، بدعنوانی اور اقرباء پروری کا گڑھ بن گیا۔

شاہ حسین یوسفزئی نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ سرکاری نوکریوں اور پوسٹنگ ٹرانسفرز کی سرعام بولیاں لگائی جارہی ہیں۔ صوبائی حکومت کے اراکین خود اقرار کررہے ہیں کہ اس میں نچھلی سطح سے لے کر اوپر تک سب ملوث ہیں۔حکومتی سرپرستی میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی کی پامالی شرمناک ہے۔ حکومت سرکاری جامعات میں میرٹ خلاف ورزیوں کے حقائق عوام کے سامنے لائے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف ہری پور سمیت صوبے کی 9 سرکاری جامعات میں مبینہ میرٹ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے 22 فروری 2026 کو فیکٹ فائنڈنگ کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور انہیں دس دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی، مگر پانچ ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود نہ مکمل رپورٹس منظرعام پر لائی گئیں اور نہ ہی ذمہ داران کے خلاف کسی واضح کارروائی کی تفصیلات سامنے آئیں۔ 16 جولائی کو جاری ہونے والا مختصر نوٹیفکیشن بھی بنیادی سوالات کا جواب دینے میں ناکام رہا۔

حسین شاہ یوسفزئی نے کہا کہ اصل معاملہ یہ ہے کہ متعدد جامعات میں اعلیٰ میرٹ رکھنے والے امیدواروں کو نظرانداز کرکے کم میرٹ امیدواروں کو کس بنیاد پر منتخب کیا گیا؟ اگر انٹرویو نمبروں کے ذریعے میرٹ لسٹ میں ردوبدل کے الزامات لگے تھے تو ان کی تحقیقات کا نتیجہ کیا نکلا؟ اگر بے ضابطگیاں ثابت ہوئیں تو ذمہ دار افسران اور متعلقہ انتظامیہ کے خلاف کیا کارروائی عمل میں لائی گئی؟ ان سوالات پر مسلسل خاموشی شکوک و شبہات کو جنم دے رہی ہے۔ عوام کو حقائق سے آگاہ کرنا حکومت کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔

حسین شاہ یوسفزئی نے مطالبہ کیا کہ تمام 9 جامعات کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹیوں کی مکمل رپورٹس فوری طور پر منظرعام پر لائی جائیں، اعلیٰ میرٹ امیدواروں کے مسترد ہونے اور کم میرٹ امیدواروں کے انتخاب سے متعلق الزامات کی تفصیلی رپورٹ جاری کی جائے، جہاں بھی بے ضابطگیاں ثابت ہوں وہاں ذمہ دار افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور متاثرہ امیدواروں کو قانون اور میرٹ کے مطابق فوری انصاف فراہم کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شیر افگن خان انتقال کرگئے

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ہر اس کوشش کی مخالفت کرے گی جو نوجوانوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہو۔ حکومت کو اس معاملے پر مزید تاخیر کے بجائے فوری، شفاف اور غیرجانبدارانہ کارروائی ہر صورت یقینی بنانی ہوگی۔

Scroll to Top