فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سےامریکی اراکین کانگریس کی ملاقات،اہم امورپر تبادلہ خیال

امریکی ایوان نمائندگان کے اراکین ریان کیتھ زنکے اور مائیکل جیمز نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون اور معاشی روابط کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی معاشی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام کا انحصار معاشی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی رابطوں کے وسعت دینے پر ہے۔

انہوں نے پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وفد نے علاقائی استحکام اور معاشی مضبوطی میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا۔ ملاقات میں دونوں جانب سے دوطرفہ معاشی تعاون، نجی شعبے کی شراکت داری اور تجارتی تعلقات میں اضافے کے مواقع پر بھی گفتگو ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے اسکائی47 ڈیٹا سینٹر قراقرم ون کا افتتاح کردیا

وفد نے پاک فوج کی قیادت کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان و امریکا کے درمیان معاشی، تجارتی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

Scroll to Top