آزاد کشمیر کے میرپور ڈویژن کے تین اضلاع کے 13 حلقوں میں انتخابی مہم کا وقت رات 12 بجے ختم ہوگیا، جس کے بعد انتخابی سرگرمیاں اختتامی مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں۔
پولنگ اسٹیشنوں تک انتخابی سامان کی ترسیل آج (اتوار) سے شروع ہوگی۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع، میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں پولنگ 27 جولائی کو ہوگی۔
ان حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے، جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ ضلع میرپور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں ایک ہزار 107 جبکہ ضلع بھمبر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی جانب سے مجموعی طور پر 296 امیدوار میدان میں ہیں۔
سیاسی حلقوں کے مطابق ایل اے 3 میرپور، ایل اے 6 بھمبر اور ایل اے 10 کوٹلی میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کا وفد پارٹی کے صوبائی صدر بشیر میمن کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پہنچا، جہاں وفد کی ملاقات ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر رہنماؤں سے ہوئی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے تمام امیدوار مسلم لیگ (ن) کے حق میں دستبردار ہوجائیں گے۔
اب نظریں 27 جولائی کو ہونے والی پولنگ اور عوام کے فیصلے پر مرکوز ہیں۔





