بادل پھر برسنے کو تیار، محکمہ موسمیات کی تازہ پیش گوئی سامنے آ گئی

بادل پھر برسنے کو تیار، محکمہ موسمیات کی تازہ پیش گوئی سامنے آ گئی

کراچی سمیت سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مزید بارشوں کی پیش گوئی، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری کردیا ۔

محکمہ موسمیات نے کراچی، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم غیر معمولی طور پر ابر آلود اور شدید حبس برقرار ہے، تاہم شہر میں آج رات وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جس سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی متوقع ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مون سون کا موجودہ سلسلہ صرف کراچی تک محدود نہیں رہے گا بلکہ 27 جولائی تک سندھ کے مختلف اضلاع میں مرحلہ وار بارشیں ہونے کی توقع ہے۔

ادھر خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، باجوڑ، مہمند، خیبر، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم، اورکزئی، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، تودے گرنے، ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں شہری آبادی زیرِ آب آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کوئٹہ، نصیر آباد، جھل مگسی، جعفر آباد، ڈیرہ بگٹی، پنجگور، آواران، قلات، خضدار، ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، بارکھان، کوہلو، قلعہ سیف اللہ، پشین اور لسبیلہ ان علاقوں میں شامل ہیں جہاں بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں، بالخصوص پہاڑی اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔

Scroll to Top