نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دن کا آغاز بھرپور اور متوازن ناشتے سے کرنے والے افراد نہ صرف بہتر غذائی اجزا حاصل کرتے ہیں بلکہ ان کی مجموعی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
امریکا کی ٹیکساس یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ناشتہ دن کی اہم ترین غذاؤں میں شامل ہے، کیونکہ یہ لوگوں کو دن بھر متوازن خوراک کے انتخاب میں مدد فراہم کرتا ہے۔ تحقیق کے نتائج امریکن سوسائٹی فار نیوٹریشن کے سالانہ اجلاس میں پیش کیے گئے۔
تحقیق میں 128 ایسے نوجوان افراد کو شامل کیا گیا جو عموماً ناشتہ نہیں کرتے تھے۔ شرکا کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا، ایک گروپ کو معمول کے مطابق ناشتہ نہ کرنے دیا گیا، دوسرے گروپ کو روزانہ 15 گرام پروٹین پر مشتمل ناشتہ دیا گیا، جبکہ تیسرے گروپ کو 30 گرام پروٹین والا ناشتہ فراہم کیا گیا۔
تحقیق کے دوران شرکا کو دن بھر اپنی مرضی کے مطابق کھانے کی اجازت دی گئی۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ تینوں گروپس نے تقریباً یکساں کیلوریز استعمال کیں، جن کی اوسط مقدار 2300 کیلوریز روزانہ رہی۔
تاہم ماہرین نے دریافت کیا کہ ناشتہ کرنے والے افراد نے دن بھر میں فائبر، آئرن، زنک اور کولین جیسے اہم غذائی اجزا زیادہ مقدار میں حاصل کیے، جبکہ ناشتہ نہ کرنے والے افراد زیادہ تر غیر صحت بخش غذاؤں کا انتخاب کرتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں : آئی فون 18 کی لانچ سے قبل ایپل کا بڑا فیصلہ، نیا شیڈول سامنے آگیا
تحقیق کے مطابق زیادہ پروٹین والا ناشتہ کرنے والے افراد نے 15 گرام پروٹین والے ناشتے کے مقابلے میں دن بھر زیادہ پروٹین، آئرن اور کولین کو جسم کا حصہ بنایا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ناشتہ کرنے والے افراد نے میٹھی اور زیادہ چکنائی والی غذاؤں کا استعمال بھی کم کیا، جس سے مختلف دائمی بیماریوں کے خطرات کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق دن کا آغاز متوازن اور غذائیت سے بھرپور ناشتے سے کرنا صحت مند طرز زندگی کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔





