آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری خوش حال خان نے کہا ہے کہ ریاست میں انتخابات کے پرامن، شفاف اور آزادانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
امن و امان خراب کرنے، انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈا پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مظفرآباد میں سیکریٹری الیکشن کمیشن راجا محمد شکیل خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سیکریٹری نے بتایا کہ آئین کے مطابق 27 جولائی سے انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پولنگ میٹریل ریٹرننگ افسران اور متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک پہنچا دیا گیا ہے جبکہ انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے لیے تقریباً 17 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے، چاروں صوبوں کی پولیس بھی آزاد کشمیر پولیس کے ساتھ مل کر انتخابی سیکیورٹی کے فرائض انجام دے گی۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ووٹر ٹرن آؤٹ ہمیشہ بلند رہا ہے اور اس بار بھی بھرپور عوامی شرکت کی توقع ہے، ان کے مطابق انتخابات کا پہلا مرحلہ میرپور ڈویژن میں منعقد ہوگا، جہاں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر الیکشن ،ن لیگ پر سرکاری وسائل کے استعمال کا الزام،پی پی کا الیکشن کمیشن سے بڑا مطالبہ
اس موقع پر سیکریٹری الیکشن کمیشن راجا محمد شکیل خان نے بتایا کہ 22 ہزار انتخابی عملہ تعینات کیا جا چکا ہے اور تمام اہلکاروں کی تربیت شفاف اور مؤثر انداز میں مکمل کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، رینجرز اور فیڈرل کانسٹیبلری ہائی الرٹ ہیں، جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے میرپور کا دورہ کر کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر انتخابات کے بائیکاٹ سے متعلق پرانی ویڈیوز شیئر کر کے بے بنیاد تاثر دیا جا رہا ہے حالانکہ انتخابی مہم کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بے یقینی کا جواب ووٹ کے ذریعے دیں اور اپنے پسندیدہ نمائندے کا انتخاب کرتے ہوئے جمہوری عمل کو مضبوط بنائیں۔





