آزاد کشمیر الیکشن ،ن لیگ پر سرکاری وسائل کے استعمال کا الزام،پی پی کا الیکشن کمیشن سے بڑا مطالبہ

آزاد کشمیر الیکشن ،ن لیگ پر سرکاری وسائل کے استعمال کا الزام،پی پی کا الیکشن کمیشن سے بڑا مطالبہ

آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات کے دوران سیاسی ماحول مزید گرم ہوگیا ہے، جہاں پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) پر انتخابی مہم میں مبینہ طور پر سرکاری وسائل کے استعمال کا الزام عائد کردیا ہے۔

آزاد کشمیر میں تین مراحل پر مشتمل عام انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کے لیے مختلف سیاسی جماعتیں بھرپور انتخابی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وفاق میں اتحادی جماعتیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے انتخابی میدان میں ایک دوسرے کی سخت حریف بن کر سامنے آ رہی ہیں اور دونوں جانب سے الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین نے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کو خط لکھا ہے، جس میں مسلم لیگ (ن) پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

خط میں پیپلز پارٹی رہنما نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی وزرا انتخابی مہم کے دوران سرکاری وسائل اور پروٹوکول کا استعمال کر رہے ہیں، جو انتخابی ضابطہ اخلاق کے خلاف ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات بھی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور تمام امیدواروں و حکومتی عہدیداروں کو انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میں ووٹنگ ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

Scroll to Top