مہنگائی بے قابو، ایک ہفتے میں گھی اور تیل کی قیمتوں نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا

مہنگائی بے قابو، ایک ہفتے میں گھی اور تیل کی قیمتوں نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا

ملک بھر میں مہنگائی کا دباؤ برقرار ہے اور صرف ایک ہفتے کے دوران گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث گھریلو بجٹ پر مزید بوجھ پڑنے لگا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق کھلا خوردنی تیل 510 روپے فی کلو یا اس سے زائد قیمت پر فروخت ہو رہا ہے، جبکہ کھلے گھی کی قیمت 470 روپے فی کلو سے بڑھ کر 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

اسی طرح مختلف برانڈڈ کمپنیوں کے گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ تازہ نرخوں کے مطابق برانڈڈ گھی اور خوردنی تیل 580 روپے سے بڑھ کر 620 روپے فی لیٹر تک فروخت کیا جا رہا ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر کشیدہ صورتحال، بین الاقوامی مارکیٹ میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور درآمدی لاگت میں اضافے کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی نرخ بڑھ گئے ہیں۔

شہریوں نے گھی اور تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیا مہنگی ہونے سے گھریلو اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر عالمی منڈی میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں استحکام نہ آیا تو آئندہ دنوں میں مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں میں مزید ردوبدل کا امکان موجود ہے۔

Scroll to Top