کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ایئرپورٹ پر وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
دفترخارجہ کے مطابق کویتی وزیر خارجہ اپنے اس دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے اہم ملاقات کریں گے جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی و معاشی تعاون، اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ معزز مہمان پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے جن میں سرمایہ کاری اور خطے کی صورتحال پر گفتگو متوقع ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ یہ دورہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری کو فروغ دینے کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کا آغاز ہوگیا، آسان قرض حاصل کرنے کا طریقہ کار جانیے
واضح رہے کہ اس دورے سے قبل 18 جولائی کو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کویتی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا تھا جس میں کویتی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی تھی۔





