انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے لیے 12 میزبان وینیوز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ میگا ایونٹ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوگا، جبکہ 24 سال بعد ایک بار پھر ورلڈ کپ کی میزبانی افریقی سرزمین کو ملے گی۔
جوہانسبرگ میں ہونے والی تقریب کے دوران ٹورنامنٹ کی برانڈنگ Three Nations, One Heartbeatبھی متعارف کرائی گئی، جو تینوں میزبان ممالک کے اتحاد، ثقافتی تنوع اور مشترکہ جذبے کی نمائندگی کرتی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ 2027 میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی اور مجموعی طور پر 57 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس ایڈیشن کے لیے تین مراحل پر مشتمل نیا فارمیٹ متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد مقابلوں کو مزید دلچسپ اور مسابقتی بنانا ہے۔
نئے فارمیٹ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں عالمی رینکنگ میں 12ویں، 13ویں اور 14ویں نمبر پر موجود ٹیموں کے درمیان سپر سیریز کھیلی جائے گی، جس کی فاتح ٹیم مرکزی مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔
اس کے بعد 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں ہر گروپ میں چھ، چھ ٹیمیں راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ دونوں گروپس سے ٹاپ تین، تین ٹیمیں جبکہ چوتھے نمبر پر آنے والی دونوں ٹیموں میں سے بہتر کارکردگی دکھانے والی ایک ٹیم سپر سیون مرحلے میں جگہ بنائے گی۔
سپر سیون مرحلے میں سات ٹیموں کے درمیان 21 میچز کھیلے جائیں گے، جن کے اختتام پر سرفہرست چار ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ پہلے سیمی فائنل میں پہلی اور چوتھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی انجری کے باعث دوسرے ٹیسٹ سے باہرہوگئے
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ میزبان شہروں اور ٹورنامنٹ برانڈ کا اعلان ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں میں اہم پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق 24 برس بعد ورلڈ کپ کا افریقہ میں انعقاد عالمی کرکٹ کے لیے ایک تاریخی موقع ہے، اور انہیں یقین ہے کہ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر ایک یادگار ٹورنامنٹ کا انعقاد کریں گے۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ ورلڈ کپ 2027 صرف محدود اوورز کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ نہیں ہوگا بلکہ اس کے ذریعے افریقہ کی ثقافت، مہمان نوازی، تنوع اور کھیل سے محبت بھی عالمی سطح پر اجاگر ہوگی۔
لانچ تقریب میں جنوبی افریقہ کے سابق اور موجودہ کرکٹرز گریم اسمتھ، مخایا نتینی، ہاشم آملہ، ٹیمبا باووما اور کاگیسو ربادا کے علاوہ زمبابوے کے ہیملٹن مساکادزا اور نمیبیا کے روڈولف جانسن وین ووورین نے بھی شرکت کی۔





