پشاور بورڈ نے میٹرک نتائج سے متعلق جعلی پریس ریلیز مسترد کر دی

پشاور: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) پشاور نے میٹرک سالانہ امتحان اول 2026 کے نتائج سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ پریس ریلیز کو جعلی، بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے اس کی سختی سے تردید کی ہے۔

بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک جعلی پریس ریلیز شیئر کی جا رہی ہے، جس میں میٹرک سالانہ امتحان اول 2026 کے نتائج کے اعلان کے لیے ایک مخصوص تاریخ اور وقت درج کیا گیا ہے، تاہم اس پریس ریلیز کا بورڈ سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی اسے بورڈ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اس وقت میٹرک سالانہ امتحان اول 2026 کے نتائج کی تیاری، جانچ پڑتال اور پراسیسنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ بورڈ انتظامیہ اس امر کو یقینی بنا رہی ہے کہ تمام مراحل شفاف انداز میں مکمل کیے جائیں تاکہ طلبہ کو درست، منصفانہ اور بروقت نتائج فراہم کیے جا سکیں۔

پشاور بورڈ نے واضح کیا ہے کہ نتائج کی تیاری کا عمل مکمل ہوتے ہی نتائج کے اعلان کی حتمی تاریخ اور وقت سے متعلق باضابطہ اطلاع بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ اور آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے جاری کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : سی ایم ہاؤس کے پروٹوکول آفیسر کی گاڑی پر کسٹمز اور محکمہ ایکسائز آمنے سامنے

ترجمان بورڈ نے طلبہ، والدین، اساتذہ اور تعلیمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں، افواہوں اور جعلی اعلانات پر یقین نہ کریں اور صرف بورڈ کے سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میٹرک سالانہ امتحان اول 2026 کے نتائج سے متعلق تمام مستند اور حتمی معلومات صرف بورڈ کے سرکاری پلیٹ فارمز کے ذریعے ہی جاری کی جائیں گی، جبکہ طلبہ اور والدین سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی خبر کی تصدیق کے لیے غیر سرکاری ذرائع کے بجائے بورڈ کے آفیشل ذرائع سے رجوع کریں۔

Scroll to Top