آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کے نرخوں میں 13 روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 254 روپے فی کلو کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
قیمتوں میں اس حالیہ اضافے کے بعد 11.8 کلوگرام کا گھریلو ایل پی جی سلنڈر 152 روپے مہنگا ہو کر 3 ہزار 93 پیسے کا ہو گیا ہے۔
دوسری جانب کمرشل صارفین کے لیے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 585 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے کمرشل سلنڈر کے نئے نرخ 11 ہزار 546 روپے مقرر کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں ایل پی جی 500 سے 550 روپے فی کلو کے من مانے نرخوں پر فروخت ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
اوگرا ذرائع نے اس معاملے پر واضح کیا ہے کہ ملک بھر میں ایل پی جی کی سرکاری قیمتیں مقرر کرنا صرف اوگرا کا آئینی اختیار ہے اور ضلعی انتظامیہ ان نرخوں پر عملدرآمد کرانے کی پابند ہے۔ اوگرا کے پاس خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ کرنے اور مقامي انتظامیہ کے ذریعے دکانیں سیل کرنے کے مکمل اختیارات موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق بڑا فیصلہ
اس تمام صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے اوگرا نے پنجاب اور سندھ میں اوور چارجنگ میں ملوث ایل پی جی کے 9 پلانٹس کو شوکاز نوٹسز بھی جاری کر دیے ہیں اور ان سے 7 دن کے اندر تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔





