بھارت سے متحرک سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کے بیان کو ڈیجیٹل ترامیم اور جعلی آڈیو کے ذریعے بدل کر گمراہ کن پروپیگنڈا پھیلانے کی ناکام کوشش بے نقاب ہو گئی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر میجر راجپال نامی انڈین اکاؤنٹ سے 93 سیکنڈ پر مشتمل ایک ویڈیو وائرل کی گئی، جس کے ساتھ یہ دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان کے وزیر اطلاعات نے انکشاف کیا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے امریکہ کی حمایت یافتہ ایسے ڈیجیٹل نیٹ ورک کو بے نقاب کیا ہے جو امریکی فنڈنگ اور بوٹ فارمز کے ذریعے پاکستان، مسلح افواج اور ریاستی اداروں کے خلاف مہم چلا رہا تھا۔
تاہم حقائق کی جانچ اور اوریجنل کلپ کے موازنے سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ وائرل کی جانے والی ویڈیو تکنیکی طور پر ایڈٹ شدہ ہے اور اس کے ساتھ کیا گیا دعویٰ مکمل طور پر جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔
اصل پریس کانفرنس کی ویڈیو کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے سیکیورٹی ایجنسیوں کے ایک کامیاب آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح طور پر “بھارت” کا ذکر کیا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی آڑ میں کام کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس کے تانے بانے انڈیا سے ملتے ہیں اور اسے تمام تر فنڈنگ اور پیمنٹس بھی انڈیا ہی سے وصول ہو رہی تھیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق یہ بھارتی نیٹ ورک بوٹ فارمز کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان، ریاستی اداروں، فوج اور آرمی چیف کے خلاف جعلی اور گمراہ کن مواد پھیلا رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : دہشت گردوں کے پاس صرف دو راستے ہیں،ہتھیار ڈالیں یا ریاستی آپریشن کا سامنا کریں،ڈی جی آئی ایس پی آر
وائرل کی گئی جعلی ویڈیو میں عطاء اللہ تارڑ کے اصل الفاظ کو ڈیجیٹل ترمیم (Audio Editing) کے ذریعے بدل کر “انڈیا” کی جگہ “امریکہ” کا لفظ شامل کیا گیا تاکہ یہ تاثر دیا جا سکے کہ پاکستان کسی امریکی نیٹ ورک پر الزام عائد کر رہا ہے۔





