دیر بالا میں ہیضے کی وباء پھیل گئی، 3 ہزار سے زائد افراد متاثر

دیر بالا: خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا کے مختلف علاقوں میں ہیضے کی وباء پھیلنے سے بڑی تعداد میں شہری متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں عشیرئی درہ، شرینگل، براول اور دیر خاص شامل ہیں، جہاں ہیضے کے کیسز میں مسلسل اضافہ رپورٹ کیا جا رہا ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال دیر بالا کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر صاحبزادہ امتیاز کے مطابق اب تک 3 ہزار سے زائد افراد اس وباء سے متاثر ہو چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صرف ایک روز کے دوران 600 مریضوں کو ہسپتال لایا گیا۔

ایم ایس کے مطابق بعض مریضوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال دیر بالا مریضوں کی بڑی تعداد کے باعث بھر چکا ہے۔

دوسری جانب محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی ٹیمیں صورتحال پر قابو پانے کے لیے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں۔ پبلک ہیلتھ کی ٹیمیں پانی کے معیار کو جانچنے، صاف پانی کی فراہمی بہتر بنانے اور وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا ایران کشیدگی میں اضافہ، ٹرمپ کے ممکنہ حملوں کے حکم کا دعویٰ سامنے آگیا

ماہرین صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صاف اور محفوظ پانی کا استعمال کیا جائے، کھانے پینے کی اشیاء کی صفائی کا خیال رکھا جائے اور بیماری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کی جائے۔

حکام کے مطابق وباء پر قابو پانے کے لیے متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات اور نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

Scroll to Top