پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں صنعتی شعبے کو درپیش بجلی کے مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی ورکنگ گروپ قائم کر دیا ہے، جو صنعتی علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے قابلِ عمل اور پائیدار تجاویز مرتب کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (KPEZDMC) نے پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (PEDO) کے تعاون سے اس ورکنگ گروپ کی تشکیل دی ہے۔
ورکنگ گروپ میں صوبائی وزیر سید فخر جہاں، مشیر صنعت و تجارت ہمایوں خان، قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین، صنعتی صارفین کے نمائندے، پیڈو کے سینئر حکام اور KPEZDMC کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شامل ہیں۔
اجلاس میں صوبے کی صنعتوں کو درپیش بجلی کے مسائل، صنعتی علاقوں میں بجلی کی دستیابی بہتر بنانے، متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ قائم کرنے اور صنعتکاروں کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کے بروقت حل کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ممکنہ بڑے اعلان پر پی ٹی آئی میں اختلاف، مشاورت کا مطالبہ
اجلاس کے شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صنعتی شعبے کو مستحکم بنانے کے لیے بجلی کی مسلسل فراہمی، مؤثر رابطہ کاری اور بروقت فیصلوں پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ فورم حکومتی اداروں اور صنعتی برادری کے درمیان مستقل رابطے کا ذریعہ بھی بنے گا، تاکہ باہمی مشاورت کے ذریعے مؤثر فیصلے کیے جا سکیں اور ان پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صوبے میں صنعتوں کو درپیش توانائی کے مسائل کم کرنا، سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا اور صنعتی ترقی کو فروغ دینا ہے۔





