وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ممکنہ بڑے اعلان پر پی ٹی آئی میں اختلاف، مشاورت کا مطالبہ

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے 15 اگست کو پشاور میں ہونے والے جلسے سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے ممکنہ بڑے اعلان پر پارٹی کے اندر مشاورت کا مطالبہ سامنے آ گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق تنظیمی قیادت نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ کسی بھی بڑے احتجاجی فیصلے، اسلام آباد لانگ مارچ یا دیگر سیاسی لائحہ عمل کے اعلان سے قبل پارٹی رہنماؤں سے مشاورت، مکمل منصوبہ بندی اور کارکنوں کی تیاری کو یقینی بنایا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پشاور جلسے کے موقع پر کسی بڑے احتجاجی پروگرام کا اعلان کر سکتے ہیں، جس میں اسلام آباد لانگ مارچ یا مختلف شاہراہوں کی بندش جیسے آپشنز بھی زیر غور آ سکتے ہیں۔ تاہم، ذرائع کے مطابق اس حوالے سے ابھی تک پارٹی کی تنظیمی قیادت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق تنظیمی رہنماؤں نے وزیراعلیٰ کو ماضی کے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے یاد دلایا ہے کہ عمران خان رہائی فورس کے اعلان سمیت بعض احتجاجی فیصلے مناسب مشاورت کے بغیر کیے گئے، جو مطلوبہ نتائج نہ دے سکے، جبکہ متعدد کارکن آج بھی ان مقدمات اور عدالتی کارروائیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سونے کی قیمت میں بڑی کمی، پاکستان میں فی تولہ سونا 3700 روپے سستا ہوگیا

ذرائع نے مزید بتایا کہ بجٹ سے قبل پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کی کال بھی خاطر خواہ تیاری نہ ہونے کے باعث مؤثر ثابت نہیں ہو سکی، اسی لیے اس بار تنظیمی قیادت کسی بھی بڑے فیصلے سے پہلے مکمل مشاورت اور جامع حکمت عملی پر زور دے رہی ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مناسب تیاری اور باہمی مشاورت کے بغیر کسی نئی احتجاجی کال سے سیاسی نقصان کا خدشہ موجود ہے، اس لیے 15 اگست کے جلسے سے قبل تمام امور پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top