وزیراعظم شہباز شریف اور عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایمل ولی خان نے وزیراعظم کو تجویز دی کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک میز پر بٹھایا جائے اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ایک جامع قومی لائحہ عمل ترتیب دیا جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے آئندہ ہفتے ایک اہم اجلاس بلانے پر آمادگی ظاہر کردی۔
دونوں رہنماؤں نے ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا اور قومی سطح پر مربوط اور مؤثر اقدامات کے لیے مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اس دوران خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کے تحفظ اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی زور دیا گیا۔