نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شادیوں کی ڈیجیٹل رجسٹریشن کے نظام کا پائلٹ منصوبہ اسلام آباد اور کوئٹہ میں شروع کر دیا ہے، جس کے تحت نکاح رجسٹرار پاک آئی ڈی (PakID) ایپ کے ذریعے شادیوں کا اندراج کر سکیں گے۔
نادرا کے مطابق نئے نظام کے تحت نکاح رجسٹرار ڈیجیٹل طریقے سے شادی کی تفصیلات متعلقہ یونین کونسل میں رجسٹریشن کے لیے جمع کرا سکیں گےجبکہ نکاح نامے کی رجسٹریشن کے بعد ڈیجیٹل میرج سرٹیفکیٹ (MRC) کے اجرا اور میاں بیوی کی ازدواجی حیثیت کو نادرا کے ریکارڈ میں خودکار طور پر اپ ڈیٹ کرنے کی سہولت بھی میسر ہوگی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شادیوں کی رجسٹریشن کے عمل کو جدید، آسان اور شفاف بنانا ہے تاکہ شہریوں کو روایتی کاغذی کارروائی اور غیر ضروری دفتری مراحل سے نجات مل سکے۔
پاکستان میں شادی کی قانونی رجسٹریشن متعلقہ یونین کونسل کے ذریعے کی جاتی ہے جس میں نکاح رجسٹرار بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ نئے نظام کے ذریعے اس عمل کو پاک آئی ڈی پلیٹ فارم سے منسلک کیا جا رہا ہے، جس سے سرٹیفکیٹ کے حصول اور سرکاری ریکارڈ میں اندراج کا عمل مربوط ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی ،نوٹیفکیشن جاری
ابتدائی طور پر اس منصوبے کا آغاز اسلام آباد اور کوئٹہ سے کیا گیا ہے، جس کے پائلٹ مرحلے کے نتائج آئندہ ملک بھر میں توسیع کے لیے اہم ہوں گے۔





