شدید بارشیں کہاں اور کب ہوں گی؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید موسلادھار بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سندھ کے مختلف اضلاع تھرپارکر، سکھر، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، خیرپور، میرپورخاص اور عمرکوٹ سمیت دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

پنجاب کے علاقوں لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، شیخوپورہ، قصور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ اور بہاولنگر میں بھی شدید بارش کے باعث پانی جمع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے بالائی خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، شانگلہ اور ایبٹ آباد سمیت مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔

اسی طرح کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، پوٹھوہار، خیبرپختونخوا اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی نشست پر پولنگ جاری

محکمہ موسمیات کے مطابق گجرات (بھارت) کے شمال میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، جو آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مغرب شمال مغرب کی جانب بڑھ سکتا ہے۔ اس موسمی نظام کے باعث مون سون ہوائیں ملک کے جنوب مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے روز سندھ میں اکثر مقامات جبکہ پنجاب، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سندھ اور شمال مشرقی پنجاب میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔

اتوار کے روز بھی کشمیر، سندھ، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ، پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب ملک کے گرم ترین علاقوں میں دالبندین میں 45، سبی اور نوکنڈی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

Scroll to Top