خیبرپختونخوا میں منی لانڈرنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، مشکوک اکاؤنٹس منجمد

پشاور: خیبرپختونخوا میں منی لانڈرنگ کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشکوک مالی سرگرمیوں میں ملوث افراد اور سہولت کاروں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پشاور سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ مشکوک ٹرانزیکشنز کی بنیاد پر مختلف بینکوں میں موجود 34 اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف کاروبار کی آڑ میں غیر قانونی مالی سرگرمیوں میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کا دائرہ بڑھایا جا رہا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایسے عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سوات کبل واقعہ، تحقیقات میں اہم پیش رفت، حملہ آور کی شناخت ہوگئی، آئی جی خیبر پختونخوا

ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ میں ملوث بعض افغان تاجروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ مزید مشتبہ افراد کی فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں اور کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق غیر قانونی مالی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے۔

Scroll to Top