الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کو مالی سال 2025-26 کے آڈٹ شدہ اکاؤنٹس اور فنڈنگ کی مکمل تفصیلات 29 اگست تک لازمی جمع کرانے کی یاددہانی کروا دی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتوں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ اپنی آمدن، اخراجات، فنڈنگ کے ذرائع، اثاثوں اور واجبات کے مکمل گوشوارے جمع کرائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پارٹی سربراہ اس بات کا تصدیقی حلف نامہ بھی جمع کرائیں گے کہ جماعت نے کسی بھی ممنوعہ ذریعے سے فنڈز حاصل نہیں کیے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ آڈٹ رپورٹ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سے تصدیق شدہ ہونا لازمی ہے جبکہ یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک کے تمام بینک اکاؤنٹس کی اسٹیٹمنٹس بھی منسلک کرنا ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں : وزارت اطلاعات و نشریات نے غیر ملکی میڈیا اور ان سے منسلک صحافیوں کےلیے نئی گائیڈ لائنز جاری کردی
اعلامیے کے مطابق اس مقصد کے لیے فارم ڈی الیکشن کمیشن کے سیکرٹریٹ، صوبائی دفاتر اور رسمی ویب سائٹ پر دستیاب کر دیا گیا ہے۔ فارم میں کسی بھی قسم کی اوور رائٹنگ قابلِ قبول نہیں ہوگی اور آڈیٹر کا درست رکنیت سرٹیفکیٹ منسلک کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مالی گوشوارے صرف مجاز پارٹی عہدیدار کے ذریعے سیکرٹری الیکشن کمیشن کے دفتر میں جمع کرائے جا سکیں گے۔





