وزارت اطلاعات و نشریات نے غیر ملکی میڈیا اور ان سے منسلک صحافیوں کےلیے نئی گائیڈ لائنز جاری کردی

وزارتِ اطلاعات و نشریات کے ایکسٹرنل پبلسٹی (ای پی) ونگ نے پاکستان میں کام کرنے والے غیر ملکی میڈیا اداروں، نمائندوں اور ان سے منسلک مقامی و بین الاقوامی عملے کے لیے “فارن میڈیا سہولیات گائیڈ لائنز 2026” جاری کر دی ہیں۔

نئی پالیسی کے تحت تمام بین الاقوامی پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے ای پی ونگ کے مخصوص پورٹل پر رجسٹریشن کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان میں مقیم یا بیرونِ ملک سے غیر ملکی میڈیا کے لیے خدمات انجام دینے والے تمام صحافیوں، فری لانسرز، فکسرز، اسٹرنگرز، نان جرنلسٹ عملے اور پروڈکشن ہاؤسز کے لیے بھی اس پورٹل کے ذریعے اندراج کو ضروری بنایا گیا ہے۔

نئے طریقہ کار کے تحت پورٹل پر آن لائن درخواست کی جمع آوری کے بعد رجسٹریشن کارڈ سات دنوں میں جبکہ ایکریڈیٹیشن کارڈ چار سے چھ ہفتوں کے اندر جاری کیا جائے گا جس کے لیے صرف کیو آر (QR) کوڈ سے لیس کارڈز ہی قابلِ قبول ہوں گے۔

پالیسی میں واضح کیا گیا ہے کہ صحافیوں کو اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے علاوہ ملک کے کسی بھی دیگر شہر یا علاقے میں خبر، فلم، ویڈیو یا کسی بھی قسم کے مواد کی عکاسی کے لیے ای پی ونگ سے باقاعدہ این او سی حاصل کرنا ہوگا۔ البتہ ایبٹ آباد اور مری جیسے علاقوں کے تفریحی دوروں کے لیے صحافی کی درخواست پر تین کاری دنوں میں این او سی فراہم کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں  : سوات: پاک فوج اور پولیس کی مشترکہ فلیگ ریلی، شہریوں کا افواج پاکستان اور پولیس سے یکجہتی کا اظہار

وزارت کے مطابق قوانین کی خلاف ورزی، غلط معلومات، یا ملکی سلامتی و مفاد کے خلاف کسی بھی سرگرمی کی صورت میں رجسٹریشن اور ایکریڈیٹیشن منسوخ یا معطل کی جا سکے گی۔

Scroll to Top