پولیس کی عظیم قربانیاں پوری قوم کے لئے باعث فخر اور ہر پاکستانی کے لیے قابل احترام رہیں گی، صدر مملکت

عظیم قربانیاں پوری قوم کے لئے باعث فخر اور ہر پاکستانی کے لیے قابل احترام رہیں گی، صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنہوں نے وطن عزیز کے امن و سلامتی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم شہدائے پولیس پر جاری پیغام میں کہا ان کی بے مثال جرأت، غیر متزلزل وابستگی اور قومی خدمت میں دی گئی عظیم قربانیاں پوری قوم کے لئے باعث فخر اور ہر پاکستانی کے لیے قابل احترام رہیں گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پولیس جرائم، دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف صف اول میں خدمات انجام دے رہی ہے، ہدفی کارروائیوں کے دوران اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور موثر حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس نے جرائم پیشہ اور انتہا پسند عناصر کے نیٹ ورکس کو ناکام بنانے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ یہ امر نہایت حوصلہ افزاء ہے کہ ہمارے پولیس اہلکار معصوم جانوں کے تحفظ، قانون کی بالا دستی اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے پرعزم ہیں اور بے مثال قربانیوں کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں خدمات انجام دینے والے ہمارے پولیس افسران اور اہلکاروں کی غیر معمولی بہادری اور قربانیوں کا دل کی گہرائیوں سے معترف ہوں، دہشت گردوں اور ان کے غیر ملکی سرپرستوں کے خلاف کارروائیوں میں ان کا موثر اور فیصلہ کن کردار قومی سطح پر قابل ستائش ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کے اہلِ خانہ کے صبر، استقامت اور حوصلے کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں کو پوری قوم انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ان معزز خاندانوں کی فلاح و بہبود اور سماجی و معاشی معاونت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

Scroll to Top