سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کارروائیاں ،12دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں دو کامیاب کارروائیوں میں 12 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اور 6 اگست 2026 کو کی جانے والی یہ کارروائیاں آپریشن ردالفتنہ-3 کے تحت جاری انسداد دہشت گردی مہم کا حصہ تھیںجن کا مقصد بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر کا خاتمہ ہے۔

5 اگست کو ضلع واشک میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور موثر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اگست کو ضلع مستونگ میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور مبینہ دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں مزید 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور صومالیہ کے وزیر دفاع کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔

Scroll to Top