امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ لیوی ختم کرائے بغیر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارا احتجاج اور دھرنے ختم نہیں ہوئے وہ بدستور جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے کہنے پر ابھی صرف لانگ مارچ کو چند روز کیلئے موخر کردیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف وطن واپس آئیں گے تو پھر ان سے اس حوالے سے ملاقات ہو گی، وزیراعظم نے ریلیف دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی احتجاج پر بیٹھی ہوئی ہے گھر نہیں گئی، اور میں وعدہ کرتا ہوں کہ لیوی کو ختم کرائے بغیر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی نے 20 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کردیا
امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف کا اپنا اور ہمارا اپنا ایجنڈا ہے، جبکہ حکومت کو تحریک انصاف کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے،عوام مہنگائی کی آگ میں جل رہی ہے اور انہوں نے ہماری تحریک میں بھرپور شرکت کی۔





