برطانیہ میں 27 سال بعد نایاب گرہن، سورج 93 فیصد تک چھپ جائے گا

نایاب سورج گرہن کب اور کہاں دیکھا جا سکے گا،تفصیلات آگئیں

برطانیہ اور آئرلینڈ میں 12 اگست کو رواں دہائی کا نمایاں ترین جزوی سورج گرہن دیکھا جائے گا، اس دوران ملک کے مختلف حصوں میں سورج 91 سے 93 فیصد تک چاند کے پیچھے چھپ جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مکمل سورج گرہن کا راستہ برطانیہ کے شمال سے گزرے گا، تاہم مکمل گرہن کے بجائے ملک کے بیشتر حصوں میں گہرا جزوی سورج گرہن دکھائی دے گا، لندن، مانچسٹر اور گلاسگو میں سورج کا تقریباً 91 فیصد حصہ چھپ جائے گا، جبکہ کارڈف میں یہ شرح تقریباً 93 فیصد اور بیلفاسٹ میں 93 فیصد سے کچھ زیادہ ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق آئرلینڈ کے کاؤنٹی کیری میں گریٹ اسکیلیگ کے مقام پر منظر سب سے زیادہ نمایاں ہوگا، جہاں سورج کا تقریباً 98 فیصد حصہ چاند کے پیچھے چھپ جائے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ برطانیہ میں 1999 کے بعد سب سے زیادہ ڈرامائی سورج گرہن ہوگا۔

سورج گرہن برطانوی وقت کے مطابق شام تقریباً 6 بجے سے 8 بجے کے درمیان جاری رہے گا، جبکہ مختلف علاقوں میں زیادہ سے زیادہ گرہن کا وقت تقریباً 7 بج کر 5 منٹ سے 7 بج کر 13 منٹ کے درمیان ہوگا، اس وقت سورج مغرب شمال مغرب کی سمت افق کے قریب ہلال کی شکل میں دکھائی دے گا۔

Scroll to Top