ورلڈ کپ مشن کے لیے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے بڑا اعلان

قومی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نیدرلینڈز اور بیلجیم کے لیے روانہ ہوگئی۔

ہاکی ورلڈ کپ 15 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز اور بیلجیم میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان کی قومی ٹیم بھی ایکشن میں دکھائی دے گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی جانب سے ورلڈ کپ میں شرکت سے قبل قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 2 کروڑ روپے کا الاؤنس بھی جاری کردیا گیا ہے، فارن ڈیلی الاؤنس کی رقم کھلاڑیوں کے اکاؤنٹس میں منتقل کردی گئی ہے۔

پی ایچ ایف کے مطابق قومی ٹیم کے دورۂ ورلڈ کپ سے متعلق تمام لاجسٹک انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے سفر، رہائش اور طعام کے انتظامات بھی حتمی شکل اختیار کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے جنوبی کوریا سے ہاکی ٹیسٹ سیریز 1-3 سے جیت لی

پی ایچ ایف کے صدر محی الدین وانی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں اور کوچز کی فلاح و بہبود فیڈریشن کی اولین ترجیح ہے، قومی ٹیم کی روانگی سے قبل تمام مالی اور انتظامی امور مکمل کیے گئے ہیں تاکہ کھلاڑی مکمل توجہ کے ساتھ عالمی کپ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں۔

قومی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں بھرپور تیاری اور کامیابی کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی جبکہ شائقین کو قومی ٹیم سے بہتر کارکردگی کی امید ہے۔

Scroll to Top