پشاور میں 14 اگست پر باجوں، کھلونا پستولوں اور پٹاخوں کی خرید و فروخت پر پابندی

پشاور: 14 اگست کے موقع پر امن و امان اور عوامی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ پشاور نے باجوں، کھلونا پستولوں اور پٹاخوں کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت عائد کی گئی پابندیاں 15 اگست تک نافذ العمل رہیں گی۔

نوٹیفکیشن میں ضلع بھر میں ہوائی فائرنگ، آتش بازی، باجوں اور پٹاخوں کی فروخت کے ساتھ ساتھ ون ویلنگ پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : جشنِ آزادی قریب آتے ہی بازاروں میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار

حکام نے بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ون ویلنگ جیسے خطرناک اور جان لیوا کرتب سے گریز کریں تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جاسکے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ یومِ آزادی کا جشن ذمہ داری کے ساتھ منائیں اور شہر میں پرامن ماحول برقرار رکھنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

Scroll to Top