پٹرولیم ڈیلرز کا ہڑتال موخر کرنے کا اعلان

پٹرولیم ڈیلرز کا ہڑتال موخر کرنے کا اعلان

حکومت کی جانب سے مطالبات کی منظوری اور یقین دہانی کے بعد پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہفتہ 15 اگست کو کی جانے والی ملک گیر ہڑتال موخر کر دی ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے پریس کانفرنس کے دوران ملک بھر میں کل ہونے والی ہڑتال ملتوی کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک خدا بخش کا کہنا تھا کہ وزیر پیٹرولیم سے گزشتہ ملاقات میں ماحول خوشگوار نہیں تھا، تاہم بعد میں وزیر پیٹرولیم نے فون پر بات کرتے ہوئے منافع کے مارجن میں اضافے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم سے خصوصی منظوری لے کر وزیر پیٹرولیم نے ڈیلرز کا منافع مارجن 1 روپیہ 34 پیسے بڑھانے کا عندیہ دیا ہے، جبکہ ان کی مداخلت پر ای سی سی (اقتصادی رابطہ کمیٹی) کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا کوٹہ سسٹم ختم کرنے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی جا رہی ہے۔

اسی موقع پر ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین طارق حسن نے بتایا کہ حکومت نے تمام پیٹرول پمپس کو 23 مارچ 2027ء تک ڈیجیٹل کرنے کا ہدف طے کیا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ڈیلرز نے 8 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا تھا اور مہنگائی کی شرح کے مطابق 4 سے 5 فیصد اضافہ بنتا تھا، تاہم اس مجوزہ اضافے کے بعد فی لیٹر مارجن بڑھ کر 10 روپے ہو جائے گا۔

طارق حسن کے مطابق وزارتِ پیٹرولیم نے قیمتوں میں یومیہ ردوبدل کے نظام کے حوالے سے سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی ہے اور اس روزانہ کی تبدیلی کو سات روزہ نظام میں بدلنے کی تجاویز شامل ہیں، جس کا حتمی فیصلہ ای سی سی اور کابینہ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی

انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت کے پاس ڈیلرز کے تین سالہ انفلیشن ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 50 ملین ڈالر بھی موجود ہیں۔

Scroll to Top