وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی اور ان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے بیرسٹر گوہر علی خان اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی۔
انہوں نے اللہ تعالیٰ سے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
اس موقع پر بیرسٹر گوہر علی خان نے گھر آمد اور تعزیت کرنے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی بیرسٹر گوہر علی خان کی رہائش گاہ پہنچے تھے جہاں انہوں نے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا تھا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کے درجات کی بلندی جبکہ سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں : ای سی سی کا اجلاس: پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع مارجن میں اضافے کی منظوری دیدی
واضح رہے کہ بیرسٹر گوہر علی خان کی والدہ 8 اگست کو انتقال کر گئی تھیں، جن کی تدفین ان کے آبائی علاقے میں کی گئی۔





