نوشہرہ: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا میگا شجرکاری مہم کا افتتاح، 14 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے نوشہرہ کے علاقے سپین خاک میں جشن آزادی کے موقع پر میگا شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا ہے جس کے تحت مارچ 2027ء تک ضلع نوشہرہ میں 10 ہزار کنال اراضی پر 14 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب کے دوران 50 ہزار پودے لگائے گئے جبکہ حکام کے مطابق اس مہم کے تحت مارچ تک 14 لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور جشن آزادی کے موقع پر آج پورے خیبرپختونخوا میں مجموعی طور پر 5 لاکھ پودے لگائے جا رہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ 27 ستمبر کو 20 لاکھ سے زائد افراد کو اسلام آباد لائیں گے اور لانگ مارچ کی خود قیادت کریں گے اور اس بار کامیابی حاصل کر کے ہی واپس لوٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی طاقت انہیں اپنے وژن سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی، تخت و تاج، پیسہ اور پروٹوکول انہیں خرید نہیں سکتے اور وہ کرسی کی لالچ یا پیسہ کمانے کے لیے سیاست میں نہیں آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : صدر مملکت نے 355 افراد کیلئے سول ایوارڈز کی منظوری دے دی، اہم نام سامنے آگئے

انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے انصاف، تبدیلی اور حقیقی آزادی کے لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ساتھ دیا ہے اور جب تک ملک میں حقیقی آزادی اور قانون کی بالادستی قائم نہیں ہوتی وہ آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔

Scroll to Top