صدر مملکت نے یوم آزادی کے موقع پر 355 افراد کو پاکستان سول ایوارڈز دینے کی منظوری دے دی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو نشان امتیاز سے نوازا جائے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر احد چیمہ اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کو بھی خدمات کے اعتراف میں سول ایوارڈز دینے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کو ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔
گلوکارہ ترنم ناز اور اداکارہ نشو بیگم کیلئے ستارہ امتیاز کا اعلان کیا گیا ہے۔ سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کو بھی سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کو ستارہ پاکستان سے نوازا جائے گا جبکہ ترکیہ کے وزیر دفاع اور وزیر تجارت سمیت روس کے نائب وزیراعظم کو بھی سول ایوارڈ دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
اعلان کے مطابق سائنس کے شعبے میں 6، انجینئرنگ میں 2، تعلیم میں 21 اور طب کے شعبے میں 10 افراد کو سول ایوارڈز دیے جائیں گے۔ آرٹس کے شعبے میں 53، ادب میں 29، کھیل میں 9 اور صحافت کے شعبے میں 11 افراد کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔
سماجی خدمت کے شعبے میں 10، پبلک سروس میں 67 اور بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرنے والے 95 افراد کو بھی سول ایوارڈز دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ای سی سی کا اجلاس: پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع مارجن میں اضافے کی منظوری دیدی
پاکستان کیلئے خدمات انجام دینے والے 22 غیر ملکیوں اور 20 اوورسیز پاکستانیوں کو بھی سول ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔





