یوکرین میں روس کی کارروائیوں پر اقوام متحدہ کا بڑا بیان آگیا

اقوام متحدہ کا روسی کارروائیوں میں یوکرائنی شہریوں کی اموات بڑھنے پر اظہار تشویش

اقوام متحدہ نے یوکرائن میں شہری ہلاکتوں اور زخمیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں اور شہری تنصیبات کے خلاف حملے فوری طور پر روکنے اور بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری پر زور دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی نگرانی کے مشن کی تازہ رپورٹ کے مطابق جولائی 2026 میں یوکرائن میں کم از کم 437 شہری ہلاک اور 2 ہزار 610 زخمی ہوئے، جو جون کے مقابلے میں شہری ہلاکتوں اور زخمیوں میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہے، جولائی میں ہلاکتوں کی تعداد مئی 2022 کے بعد کسی ایک ماہ میں سب سے زیادہ رہی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران یوکرائن میں جنگ سے متعلق واقعات میں 1 ہزار 839 شہری ہلاک اور 10 ہزار 638 زخمی ہوئے۔ یہ تعداد گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 44 فیصد زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل اور ڈرونز شہری ہلاکتوں کی بڑی وجہ بن رہے ہیں۔ جولائی میں ایسے ہتھیاروں کے نتیجے میں کم از کم 183 شہری ہلاک اور 967 زخمی ہوئے، جبکہ شہری آبادی والے علاقوں میں حملوں کے باعث فرنٹ لائن سے دور علاقوں میں بھی جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔

اقوام متحدہ نے شہریوں اور شہری تنصیبات کے خلاف حملے فوری طور پر روکنے اور بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری پر زور دیا ہے۔ عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ مسلسل بڑھتی ہوئی شہری ہلاکتیں جنگ کے انسانی بحران کی سنگینی کو مزید واضح کرتی ہیں۔

Scroll to Top