پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اہم اعلان، نئی قیمتیں پیر کو جاری ہوں گی

اسلام آباد: پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اہم اعلان کردیا ہے۔ سرکاری تعطیلات کے باعث اوگرا میں قیمتوں پر نظرثانی نہ ہونے کے سبب موجودہ قیمتیں آئندہ تین روز تک برقرار رہیں گی۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرول 325 روپے 43 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 383 روپے 95 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہوگا۔ نئی قیمتوں کا اعلان پیر کو کیا جائے گا۔

دوسری جانب گزشتہ روز وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری دی گئی۔

وزارت خزانہ کے مطابق موٹر اسپرٹ اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیلرز مارجن 8 روپے 64 پیسے سے بڑھ کر 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔

وائس چیئرمین آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا شکریہ ادا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ بدلنے کی تیاری؟ وزیراعظم کو اہم سمری ارسال

ایسوسی ایشن کے مطابق ڈیلرز کی ہڑتال کی دھمکی کے بعد مارجن میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے بعد وزیر پٹرولیم نے ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش سے رابطہ کرکے انہیں وزیراعظم کی جانب سے مارجن میں اضافے کی منظوری سے آگاہ کیا۔

دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو نئی سمری ارسال کی گئی ہے۔ تجویز میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں بہتری کے پیش نظر قیمتوں کا تعین دوبارہ 7 یا 15 روز کی بنیاد پر کرنے کی بات کی گئی ہے۔

اب نئی قیمتوں کا اعلان پیر کو ہوگا، جس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ کمی یا اضافے کی صورتِ حال واضح ہوجائے گی۔

Scroll to Top