پیٹرول کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ بدلنے کی تیاری؟ وزیراعظم کو اہم سمری ارسال

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل اور قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کے معاملے پر وزیراعظم کو نئی سمری ارسال کردی گئی ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے کے طریقہ کار میں تبدیلی کے لیے نئی سمری بھیجی گئی ہے۔

ملک خدا بخش کے مطابق مشرق وسطیٰ کی جنگی صورتحال میں کمی کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلے کی طرح ہر 7 یا 15 روز بعد مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

دوسری جانب حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ڈیلرز مارجن بڑھانے کی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : ننھے ہاتھ کتابوں کے بجائے اوزار اٹھانے پر مجبور، خیبرپختونخوا میں چائلڈ لیبر کا بڑا انکشاف

ذرائع کا کہنا ہے کہ مارجن میں اضافے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر فی لیٹر مجموعی طور پر 2 روپے 68 پیسے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ دونوں مصنوعات پر ڈیلرز مارجن میں فی لیٹر ایک روپے 34 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

اضافے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن مجموعی طور پر 19 روپے 96 پیسے فی لیٹر ہوجائے گا، جبکہ دونوں مصنوعات پر الگ الگ ڈیلرز مارجن 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگا۔ اس سے قبل پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر ڈیلرز مارجن 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر تھا۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر قیمتوں کے تعین کا سابقہ 7 یا 15 روزہ نظام بحال کرنے سے صارفین اور مارکیٹ دونوں کے لیے قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کو بہتر انداز میں منظم کیا جاسکے گا۔

Scroll to Top