پاکستانی اسکواش کھلاڑی ثناء بہادر نے آسٹریلیا میں بڑا اعزاز جیت لیا

سلمان یوسفزئی

پشاور: پاکستانی اسکواش کھلاڑی ثناء بہادر نے آسٹریلیا میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویمنز بینڈگو اوپن اسکواش ٹائٹل 2026 اپنے نام کرلیا۔

فائنل میں ثناء بہادر نے آسٹریلوی کھلاڑی ریچل گرینہم کو ایک کے مقابلے میں تین گیمز سے شکست دی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان فائنل مقابلہ 26 منٹ تک جاری رہا۔

فائنل کے پہلے گیم میں ریچل گرینہم نے ثناء بہادر کو 11-2 سے شکست دی، تاہم پاکستانی کھلاڑی نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے دوسرا گیم 11-2 سے اپنے نام کرلیا۔

ثناء بہادر نے تیسرے گیم میں 12-10 جبکہ چوتھے گیم میں 11-9 سے کامیابی حاصل کرکے میچ اور ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں : بنگلادیش نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی

ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں ثناء بہادر نے آسٹریلیا کی شونا کاکس ایج جبکہ کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کی ماریا روز کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

ویمنز بینڈگو اوپن 2026 پی ایس اے چیلنجر ٹور تھری کا ایونٹ تھا، جو 13 سے 16 اگست 2026 تک آسٹریلیا کے شہر بینڈگو میں منعقد ہوا۔

ایونٹ میں مجموعی طور پر 32 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ ثناء بہادر کی یہ کامیابی پاکستانی اسکواش کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دی جارہی ہے۔

Scroll to Top