ہنگو میں دہشتگردوں کی ممکنہ موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور پاک آرمی کے جوانوں نے ضلع کے سرحدی علاقوں میں مشترکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا۔
ڈی پی او ہنگو طارق حبیب خان کی نگرانی اور ایس پی آپریشن ارشد خان کی قیادت میں ہنگو پولیس اور پاک آرمی کے جوانوں نے کاٹ گھر اور خٹک بانڈہ کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی۔ اس دوران ممکنہ مشکوک ٹھکانوں، پہاڑی چوٹیوں اور گھنے جنگلات کا تفصیلی سرچ آپریشن کیا گیا۔
آپریشن کے دوران جدید ڈرون کیمروں کی مدد سے دشوار گزار پہاڑی علاقوں، گھنے جنگلات اور مشکوک مقامات کی فضائی نگرانی بھی کی گئی، جبکہ مختلف مقامات کو باریک بینی سے سرچ کیا گیا۔
حکام کے مطابق مشترکہ کارروائی کا مقصد دہشتگردوں کے ممکنہ ٹھکانوں کا سراغ لگانا، ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا، امن دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، ٹریفک پولیس اہلکار شہید
ڈی پی او ہنگو طارق حبیب خان کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشتگردی کے مکمل اور جڑ سے خاتمے تک سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز سمیت دیگر مؤثر کارروائیاں بھرپور عزم اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔





