کاشف عزیز
پشاور: تھانہ چمکنی کی حدود نقلاب روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
پولیس کے مطابق شہید اہلکار کی شناخت ابراہیم کے نام سے ہوئی ہے، جو شبقدر کا رہائشی تھا اور تھانہ غلنئی، ضلع مہمند میں تعینات تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکار ڈرائیور کے ہمراہ پیاز سے لدی گاڑی میں سوار ہو کر جا رہا تھا کہ نقلاب روڈ پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزم نے اسے نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ حملہ آور فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں رکشہ چھیننے کی کوشش، مزاحمت پر میٹرک کا طالب علم جاں بحق
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد قبضے میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے کارروائی جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی نوعیت اور حملے کے محرکات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔





