خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے وار تیز، مزید 50 کیسز رپورٹ

پشاور: خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے، رواں ہفتے مزید 50 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 339 ہوگئی۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے صوبے میں ڈینگی کے مجموعی کیسز 289 تھے، جو رواں ہفتے بڑھ کر 339 ہوگئے ہیں۔ ڈینگی کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر محکمہ صحت نے روک تھام اور کنٹرول کے لیے سرگرمیاں مزید تیز کردی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق پشاور 152 کیسز کے ساتھ صوبے کا سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے، جبکہ کوہاٹ میں 85، بنوں میں 19 اور ہری پور میں 17 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ رواں ہفتے پشاور میں 13 جبکہ کوہاٹ میں 16 نئے کیسز سامنے آئے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں گرمیوں کی چھٹیاں ختم، اسکول آج سے کھل گئے

محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے اب تک 551 گھروں، 1280 پانی کے برتنوں اور 247 کھلی جگہوں سے مچھر کا لاروا ختم کیا جاچکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق زیادہ کیسز والے علاقوں میں متعلقہ عملہ بھی تعینات کردیا گیا ہے، جبکہ ڈینگی سے بچاؤ اور عوامی آگاہی کے لیے 87 ہزار سے زائد آگاہی سیشنز منعقد کیے گئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق 2 لاکھ 54 ہزار 116 خواتین ورکرز کو بھی تربیت دی گئی ہے، جو گھروں میں جاکر شہریوں کو کھلے برتنوں میں پانی ذخیرہ کرنے کے خطرات اور ڈینگی مچھر سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کر رہی ہیں۔

محکمہ صحت نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ گھروں اور اردگرد کے علاقوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور مچھروں کی افزائش کے ممکنہ مقامات کو ختم کریں۔

Scroll to Top