حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کافی عرصے بعد برف پگھلنا شروع ہوئی ہے، اس حوالے سے وفاقی وزراء اور اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے رانا ثنااللہ ، طارق فضل چودھری اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن چیمبر میں قائد حزب اختلاف محمود اچکزئی سے ملاقات کی، اس موقع پر سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ناصرعباس بھی موجود تھے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم کو خط لکھا تھا ، وزیراعظم اس خط کا جواب دے رہے ہیں، اسی معاملے پر مشاورت کے لیے محمودخان اچکزئی کے پاس آئے تھے۔
وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن سے بات آگے بڑھ سکتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف اپوزیشن کے خط کا جواب دیں گے، پیر والی ملاقات سے برف پگھلے گی اور معاملہ آگے چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت پر کوئی کمپرومائز کیا ہے اورنہ کیا جائے گا، انہیں پہلے سے بہتر طبّی سہولیات فراہم کی جائیں گی، وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا کہ حکومت کے پاس نئے صوبوں سے متعلق ابھی کوئی تجویز نہیں۔





