کھلے مین ہول نے ایک اور ماں کا لختِ جگر چھین لیا

لاہور: ہنجروال کے علاقے میں کھلے مین ہول میں گرنے سے 7 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا، واقعے نے علاقے میں غم اور تشویش کی لہر دوڑا دی۔

ریسکیو حکام کے مطابق مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت حکیم اللہ ظہیر کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے بچے کی لاش مین ہول سے نکال لی۔

علاقہ مکینوں کے مطابق گلی میں روشنی کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث بچہ کھلے مین ہول میں جاگرا۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ گلی میں موجود 5 مین ہولز کے ڈھکن غائب تھے، جبکہ واسا کی ٹیم نے سیوریج کی صفائی کے لیے مین ہولز کے ڈھکن ہٹا رکھے تھے۔

عینی شاہد کے مطابق واقعے کے وقت ضلعی عملے کے اہلکار بھی موقع پر موجود تھے۔ اہل علاقہ نے انتظامیہ کے اہلکار سے بچے کو مین ہول سے نکالنے کی درخواست کی، تاہم عینی شاہد کا دعویٰ ہے کہ اہلکار نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ اس کے کپڑے خراب ہوجائیں گے اور وہ وہاں سے چلا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : مردان: گھر میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے 50 سالہ خاتون جاں بحق

عینی شاہد کے مطابق اہل علاقہ نے بعدازاں اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو مین ہول سے باہر نکالا اور ریسکیو ٹیم کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو عملے کے مطابق بچے کو ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ مین ہول میں گرنے کے باعث جانبر نہ ہوسکا اور دم توڑ گیا۔

واقعے کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، جبکہ شہریوں نے کھلے مین ہولز کے باعث پیش آنے والے حادثے پر متعلقہ اداروں کی غفلت پر سوالات اٹھاتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

Scroll to Top