عمران خان کو شفا انٹرنیشنل منتقل کرنے کا حکم، پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند قرار دے دیا

اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے حکم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی آخری امید عدلیہ ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ عدالتی فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ عوام کے دلوں میں انصاف کی امید موجود تھی اور امید ہے کہ فیصلے پر جلد عملدرآمد ہوگا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عمران خان کی اسپتال منتقلی کے دوران اسپتال کے اردگرد کوئی جمع نہیں ہوگا اور اس امید کو ٹوٹنے نہیں دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجا کی ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔

سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا جائے گا جس سے عدالت کے فیصلے کی توہین ہو۔ انہوں نے کہا کہ کچھ انتشار پسند عناصر عدالتی فیصلے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں، ایسے عناصر کی نشاندہی کی جائے۔

قبل ازیں سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دو دن کے اندر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا۔ عدالت کے مطابق عمران خان آئندہ سماعت تک اسپتال میں رہیں گے، جبکہ ہفتے میں ایک دن اہلخانہ کو ان سے ملاقات کی اجازت بھی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : عدالتوں کے ذریعے عمران خان کو رہا کرائیں گے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان عمران خان کے ہمراہ ہوں گے اور ان کے علاج سے متعلق میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔

سپریم کورٹ کے فیصلے پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے بھی خیرمقدم کیا۔ سینیٹر اعظم سواتی نے عمران خان کی شفا انٹرنیشنل منتقلی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ معاملات مل جل کر حل کرنے چاہئیں۔

پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے بھی عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اب حکم پر عملدرآمد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دیگر زیرحراست پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھی ریلیف دینے کا مطالبہ کیا۔

Scroll to Top