کراچی: معروف پاکستانی اداکار اور میزبان عمران اشرف نے سوشل میڈیا پر اپنے انتقال سے متعلق گردش کرنے والی جعلی خبر کی تردید کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں عمران اشرف کے انتقال کی خبر دی گئی تھی۔ جعلی ویڈیو سامنے آنے کے بعد اداکار کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، جس کے بعد عمران اشرف کو خود وضاحت کرنا پڑی۔
عمران اشرف نے انسٹاگرام پر جاری اپنی پوسٹ میں مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ، وہ بالکل ٹھیک ہیں اور وائرل ہونے والی خبر جعلی ہے۔ اداکار نے مداحوں سے اپنے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔

وائرل ہونے والی جعلی ویڈیو ایک ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تھی، جہاں اسی نوعیت کی مزید ویڈیوز بھی موجود تھیں۔ ان ویڈیوز میں سینئر صحافیوں، کرکٹرز اور اداکاروں کو عمران اشرف کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے دکھایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : عائزہ خان اور دانش تیمور کی علیحدگی؟ اداکارہ نے خاموشی توڑ دی
جعلی اے آئی ویڈیو میں ایک نیوز کاسٹر کو عمران اشرف کے انتقال کی خبر بریک کرتے ہوئے دکھایا گیا، جبکہ ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ اداکار کی موت ہارٹ اٹیک کے باعث ہوئی۔
واضح رہے کہ عمران اشرف پہلے پاکستانی فنکار نہیں جنہیں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی خبروں کا نشانہ بنایا گیا۔ رواں برس جون میں گلوکارہ طاہرہ سید نے بھی اپنے انتقال سے متعلق جھوٹی خبر کی تردید کرتے ہوئے اپنی خیریت سے آگاہ کیا تھا۔
اسی طرح گزشتہ ماہ اداکار و میزبان توثیق حیدر اور فرح سعدیہ نے بھی اپنی شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی جعلی ویڈیوز اور خبروں کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا تھا۔





