استخار احمد یوسفزئی
صوابی: گزشتہ رات ہونے والی طوفانی بارش کے بعد گورنمنٹ مڈل سکول رفیق آباد میں بارش کا پانی داخل ہوگیا، جس کے باعث سکول کی صورتحال انتہائی خراب ہوگئی اور طلبہ کو مجبوری کے تحت چھٹی دے دی گئی۔
مقامی افراد کے مطابق سکول کے احاطے میں بارش کا پانی جمع ہونے سے طلبہ اور تدریسی و دیگر عملے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد سکول کی صورتحال خراب ہونے کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی۔
والدین نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے، سکول سے بارش کا پانی نکالنے اور مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے نکاسی آب کا مؤثر انتظام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب شدید بارش کے باعث صوابی کے مختلف علاقوں میں بھی طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں متعدد گھروں میں پانی داخل ہوگیا جبکہ اہم شاہراہوں پر کئی فٹ پانی اور سیلابی ریلے جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : صوابی: دریائے سندھ میں لاپتہ افراد کی تلاش جاری، شکیل ماندوری کی لاش برآمد
ریسکیو 1122 کے مطابق مردان روڈ پر موضع منصب دار میں طغیانی کے باعث کئی گھروں میں پانی داخل ہوا، جبکہ جہانگیرہ روڈ، کھنڈہ موڑ اور انبار کے مقامات پر سیلابی ریلوں اور کئی فٹ پانی کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 صوابی کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے خواتین سمیت متعدد افراد کو متاثرہ گھروں سے بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق شدید بارش اور طغیانی کے پیش نظر تمام متعلقہ ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے جبکہ صورتحال کی مسلسل نگرانی بھی جاری ہے۔





