بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف بڑی کارروائی، 5 دہشتگرد جہنم واصل، متعدد زخمی

کوئٹہ: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائی کے دوران متعدد دہشتگرد زخمی بھی ہوئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے کلی سوران میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کو جدید ٹیکنالوجی اور دستیاب وسائل کی مدد سے نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جبکہ 3 گاڑیاں، 2 موٹر سائیکلیں اور آئی ای ڈی ڈیوائس بھی قبضے میں لے لی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ ہوگا، وہ دن دور نہیں، صدر مملکت

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کا جھنڈا بھی برآمد ہوا۔ ہلاک دہشتگرد مقامی افراد سے لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ سمیت خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔

ذرائع کے مطابق دہشتگرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر دہشتگردی کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کررہے تھے، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے عزائم ناکام بنا دیے۔

سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بلوچستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

Scroll to Top