صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے صدر مملکت کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور عوامی فلاح کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آپریشن ردالفتنہ 3، بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 دہشت گرد جہنم واصل
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کو خصوصی توجہ اور وسائل فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے عمل کو مزید آگے بڑھایا جاسکے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کی جانب سے بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی ہر کوشش کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ دن دور نہیں جب بلوچستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا، جبکہ صوبے میں امن، استحکام اور ترقی کا عمل ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔





