کابینہ؛ اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت، ڈیفنس فورسز اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ میں ترمیم منظور

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن اراکین سے بات چیت کے لیے تیار ہے اور جو بھی مسائل ہیں انہیں مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن کو کابینہ کے فورم سے بات چیت کی دعوت دیتا ہوں، حکومت اپوزیشن کے ساتھ بامقصد مذاکرات کرے گی۔

شہباز شریف نے ڈیزل کی قیمت میں کمی پر وزارت پیٹرولیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 32 روپے کی کمی خوش آئند ہے۔ پوری ٹیم کی کاوشوں سے ڈیزل کی قیمت کم ہوئی اور حکومت نے معاشی استحکام کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں، خطے کے کئی ممالک میں ریفائنریز اور گیس پلانٹس بند ہیں، جبکہ پاکستان توانائی درآمد کرنے والا ملک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ دنوں میں صورتحال مزید بہتر ہوجائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشکل حالات میں عوامی ریلیف کے لیے 128 ارب روپے مختص کیے گئے، جبکہ صوبوں نے بھی عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت کا ساتھ دیا۔ عالمی صورتحال کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ اوگرا نے گزشتہ شب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 363 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

وفاقی کابینہ کی دفاعی قوانین میں ترامیم کی منظوری

دوسری جانب وفاقی کابینہ نے ڈیفنس فورسز ایکٹ 2026ء اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ 2010ء میں ترامیم کی منظوری بھی دے دی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق دفاعی افواج ایکٹ 2026ء کا مسودہ 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے کی گئی ترامیم کے تسلسل میں تیار کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق نئے قانون کا مقصد چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے اور چیف آف ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز سے متعلق انتظامی امور کا تعین کرنا ہے۔

کابینہ کی منظوری کے بعد ڈیفنس فورسز ایکٹ 2026ء کا مسودہ پارلیمان کے جاری اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ 2010ء میں ترمیم کی بھی منظوری دے دی، جسے 27ویں آئینی ترمیم کے بعد ضروری قرار دیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ میں ترمیم کا مسودہ بھی منظوری کے لیے پارلیمان میں پیش کیا جائے گا۔

Scroll to Top