پاکستان اور گوگل کے درمیان اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت گوگل ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا، جس میں پاکستان اور گوگل کے درمیان قومی ڈیجیٹل تبدیلی اور جدت کے فروغ کے لیے اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

مفاہمتی یادداشت کا مقصد پاکستان میں ڈیجیٹل مہارتوں، آئی ٹی برآمدات اور جدت کے فروغ کے لیے تعاون کو مزید وسعت دینا ہے۔ اس موقع پر پاکستان میں گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس پروگرام کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

گوگل نے 2026 میں پاکستان کے لیے ایک لاکھ 50 ہزار کیریئر سرٹیفکیٹس کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ پاکستانی طلبہ کو جدید گوگل اے آئی ٹولز تک رسائی بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ طلبہ کو ایک سال تک گوگل اے آئی پلس، جیمنی سمیت جدید مصنوعی ذہانت کے ٹولز تک مفت رسائی فراہم کی جائے گی۔

پاکستان اور گوگل کے درمیان اے آئی سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام کے لیے تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔ سینٹر پاکستانی نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کرے گا۔

دونوں جانب سے موبائل ایپلی کیشنز اور گیمنگ انڈسٹری کی عالمی مسابقتی صلاحیت بڑھانے، ڈیجیٹل ادائیگیوں اور ڈیجیٹل تجارت کے فروغ کے لیے بھی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

حکومتی خدمات اور امور کو مؤثر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال، جبکہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائیزیشن میں ڈیٹا اینالیٹکس کے لیے اے آئی سے استفادے پر بھی تعاون ہوگا۔ فصلوں کی نگرانی، پیداوار کی پیش گوئی اور پائیدار زراعت کے لیے بھی مصنوعی ذہانت سے استفادہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستانی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے استفادہ کیا جائے گا، جبکہ آئی ٹی برآمدات اور مسابقتی صلاحیت کے روڈ میپ کی تیاری کے لیے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری، گوگل جیمنائی ایک سال مفت ملے گا

حکومت، گوگل اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ٹاسک فورس آئی ٹی برآمدات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے اقدامات تجویز کرے گی۔

حکومت کے مطابق پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون سے نوجوانوں، اسٹارٹ اپس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ یہ پیش رفت وزیراعظم شہباز شریف کے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اور ڈیجیٹل معیشت کو 2030 تک 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کے وژن کی جانب اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ گوگل کے ساتھ تعاون پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی اور جدت کے ایک نئے دور کی بنیاد بنے گا۔

Scroll to Top