وزارتِ ریلویز اور حکومتِ خیبرپختونخوا کے درمیان صوبے میں ریلوے کے نظام کو وسعت دینے اور مختلف شہروں کو جدید ریل رابطوں کے ذریعے جوڑنے کے لیے اہم فریم ورک معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔
پشاور میں منعقدہ تقریب میں معاہدے پر دستخط وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی موجودگی میں کیے گئے۔
معاہدے کے تحت گریٹر پشاور سرکلر ریلوے کے پہلے مرحلے میں پشاور، نوشہرہ، مردان اور چارسدہ کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے گا جبکہ آئندہ مراحل میں پشاور ویلی ریلوے کے تحت درگئی اور طورخم تک ریلوے لائن کی توسیع بھی شامل ہو گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ جدید ریلوے نظام سے لاکھوں مسافروں، طلبہ، مزدوروں اور تاجروں کو ارزاں، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولت میسر آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں : چار دن کے مسلسل اضافے کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی
انہوں نے مزید کہا کہ بہتر ریل روابط سے صوبے میں تجارت، سیاحت اور روزگار کو فروغ ملے گا اور حکومت کا مقصد قومی اداروں کو مضبوط بناتے ہوئے وفاق کے ساتھ تعاون کو آگے بڑھانا ہے۔





