پشاور: ملک بھر میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے صارفین کو جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے کے لیے اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کا عمل جاری ہے، جس کے تحت اب تک مجموعی طور پر 21 لاکھ 25 ہزار 296 اسمارٹ میٹرز نصب کیے جاچکے ہیں۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اسمارٹ میٹرز کی تنصیب میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) سب سے آگے ہے، جہاں اب تک 11 لاکھ 53 ہزار 556 اسمارٹ میٹرز نصب کیے گئے ہیں۔
گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) میں 3 لاکھ 48 ہزار 135، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) میں 2 لاکھ 29 ہزار 719 جبکہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) میں ایک لاکھ 19 ہزار 372 اسمارٹ میٹرز نصب کیے جاچکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پشاور الیکٹرک پاور کمپنی (پیسکو) کے صارفین کے لیے اب تک 60 ہزار 685 اسمارٹ میٹرز نصب کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پمز سانحہ: ہسپتال میں واقعے کی وجہ سامنے آگئی، سی ڈی اے رپورٹ میں اہم انکشاف
دوسری جانب کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے 50 ہزار 599، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) میں 19 ہزار 620 اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) میں 13 ہزار 432 اسمارٹ میٹرز نصب کیے جاچکے ہیں۔
اسی طرح کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) میں 9 ہزار 194 جبکہ ہزارہ الیکٹرک پاور کمپنی (ہزیکو) کے علاقوں میں 7 ہزار 659 اسمارٹ میٹرز نصب کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ٹرائبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) کے زیرِ انتظام علاقوں میں بھی اسمارٹ میٹرنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کا مقصد بجلی کے استعمال اور ترسیل کے نظام کو جدید بنانا، میٹر ریڈنگ کے عمل کو زیادہ مؤثر اور شفاف بنانا اور بجلی کی تقسیم کے نظام میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھانا ہے۔





